این آر سی کی فکر نہ کریں ، بی جے پی حکومت کو آپ کے خلاف کارروائی سے پہلے مجھ سے مقابلہ کرنا ہوگا :ممتابنرجی

,

   

کولکتہ ۔ /20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال و صدرترنمول کانگریس ممتابنرجی نے جمعہ کے دن تیقن دیا کہ عوام کو این آر سی کے بارے میں فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی زیرقیادت حکومت کو مغربی بنگال کے عوام کو چھونے سے قبل بھی ان سے مقابلہ کرنا ضروری ہوگا ۔ انہوں نے عوام سے پرزور انداز میں کہا کہ وہ صرف اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے نام رائے دہندوں کی فہرست میں برقرار رہیں ۔ ممتابنرجی نے مقامی بی جے پی قائدین پر الزام عائد کیا کہ وہ قومی رجسٹر برائے شہریان ریاست مغربی بنگال میں نافذ کرنے کے بارے میں افواہیں پھیلاتے ہوئے عوام کو خوف زدہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں مغربی بنگال کے عوام کو تیقن دیتی ہوں کہ وہ یہاں پر اسی طرح اپنا قیام برقرار رکھیں گے جیسا کہ گزشتہ کئی سال سے رہتے آئے ہیں ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت حکومت کو بنگالیوں کو نکال باہر کرنے کیلئے ان سے مقابلہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آسام کے ساکنوں کو اس لئے نکال باہر کیا جارہا ہے کہ ان کے نام شہریوں کی فہرست سے حذف کردیئے گئے ہیں جو /31 اگست کو شائع ہوچکی ہے اور 19 لاکھ افراد کو غیرملکی قرار دیتے ہوئے مبینہ طور پر ان کے وطن واپس کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ واضح طور پر بی جے پی سے کہہ چکی ہیں کہ این آر سی درحقیقت بی جے پی کا سیاسی ہتھیار ہے لیکن یہ مغربی بنگال پر اس طرح حملہ نہیں کرسکتے جیسا کہ آسام میں کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دو افراد کو جو علحدہ علحدہ واقعات میں حال ہی میں قتل کئے جاچکے ہیں ۔ دو لاکھ روپئے نقد رقم بطور معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کرچکی ہیں اور انہیں راشن کارڈ اور رائے دہندوں کی فہرست میں ناموں کی شمولیت کا تیقن دے چکی ہیں ۔