این سی بی ،کنگنا رناوت کو تفتیش کیلئے کب بلائے گی:کانگریس

   

ممبئی: بالی ووڈ اور ڈرگس کنکشن معاملے میں این سی بی گزشتہ تین چار مہینے سے اداکاروں وان کے متعلقین کی تفتیش کررہی ہے ۔ پروڈیوسر وڈائریکٹر کرن جوہر کے گھر کی ویڈیو کی بنیاد پر این سی بی تفتیش کررہی ہے جبکہ یہ ویڈیو دوسال قبل کی ہے ۔ اس وقت ریاست میں فڈنویس کی حکومت تھی جس نے اس کی تفتیش نہیں کی۔ کچھ لوگوں کے گھروں میں ادویات کی برآمدگی پر بھی ان کی تفتیش کی گئی۔ بالی ووڈ کو دہشت زدہ کرنے کے لیے ایک منصوبہ بند کوشش ہورہی ہے ۔ جبکہ ڈرگس لینے اوردوسروں کو ڈرگس لینے پر آمادہ کرنے کا اعتراف کرنے والی کنگنارناوت کوآج تک تفتیش کے لیے طلب نہیں کیا گیا۔ اب وہ پھر ممبئی میں آئی ہوئی ہے اس لیے این سی بی سے میرا سوال ہے کہ وہ کنگنارناوت کو تفتیش کے لیے کب طلب کرے گی؟ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کہی ہیں۔واضح ہو کہ کنگنا سے تفتیش کیے جانے کا مطالبہ اس سے قبل بھی مھاراشٹرا کی کانگریس پارٹی کرچکی ہیں۔ساونت نے کہا ہے کہ کنگنارناوت نے خودہی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ ڈرگس کا استعمال کرتی ہے ۔ یہ اعتراف اس نے ایک ویڈیو میں کیا تھا جو کئی ماہ قبل وائرل ہوچکا ہے ۔ کنگنا کا ایک دوست ادھین سومن نے بھی اس بات کی گواہی دی تھی کہ کنگنا ڈرگس کا استعمال کرتی ہے ۔ سومن کی ویڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے ۔ کنگنا نے اپنی ویڈیو میں یہ بات بھی کہی تھی کہ ڈرگس کے بارے میں اپنے پاس خوب ساری معلومات ہیں۔