تلگو دیشم سے زیادہ ٹی آر ایس قائدین کی آمد، سیاسی حلقوں میں موضوع بحث
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کی جینتی کے موقع پر آج تلگودیشم سے زیادہ ٹی آر ایس کے قائدین نے این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام کو حیرت میں ڈال دیا۔ تلگودیشم سے سابق میں وابستہ رہے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں نے نہ صرف این ٹی راما راؤ کو خراج ادا کیا بلکہ انہیں ملک کے اعلیٰ ترین سیول ایوارڈ ’’ بھارت رتن ‘‘ کا مطالبہ کیا۔ ریاستی وزراء ملا ریڈی، ای دیاکر راؤ، رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ، سابق وزیر ایم نرسمہلو، ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو اور ٹی آر ایس کے کئی قائدین نے اپنے سابق لیڈر این ٹی آر کو خراج ادا کیا۔ ملا ریڈی نے کہا کہ کمزور اور پسماندہ طبقات کیلئے این ٹی آر امید کی کرن تھے۔ تلگو عوام انہیں فراموش نہیں کرپائیں گے۔ ملا ریڈی نے این ٹی آر کو ’ بھارت رتن ‘ اعزاز کیلئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا اعلان کیا۔ ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ اس مسئلہ پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مرکزی حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ر
دفتر سیاست میں اتوار کو نیٹ ؍ایمسٹ اور رکروٹمنٹ ٹسٹ پروگرام
حیدرآباد ۔ 28 مئی (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوزایڈیٹر کے زیرسرپرستی دفتر سیاست کے عابد علی خان سنچری ہال عابڈس پر اتوار کو گائیڈنس پروگرام میں صبح 11 تا 2 بجے نیٹ ؍ ایمسیٹ ماڈل ٹسٹ اور ٹیٹ کا تمثیلی امتحان دوپہر 2 تا 5 بجے ہوں گے۔
پولیس رکروٹمنٹ ٹسٹ کیلئے محترمہ شبنم ایم ٹیک کا خصوصی لکچر مقرر ہے۔ امیدوار وقت پر شرکت کریں۔