این پی آر کو روکنے جی او کی اجرائی کی درخواست کے سی آر کو اتم کمار کا مکتوب

   

حیدرآباد۔ 8 مارچ (پی ٹی ؑآئی) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ این اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے درخواست کی کہ حکومت کیرلا کے خطوط پر ایک سرکاری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اپنی ریاست میں بھی قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) سے متعلق تمام سرگرمیوں کو روک رکھیں۔ اتم کمار ریڈی نے اتوار کو چیف منسٹر کے نام ایک کھلے مکتوب میں مزید کہا کہ ’این پی آر، این آر سی اور سی اے اے کے خلاف تلنگانہ اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں لیکن این پی آر کے کام کو روکنے کیلئے صرف یہی کافی نہیں ہوگا، ریاستی عہدیداروں میں الجھن کو دور کرنے کیلئے ایک سرکاری حکم نامہ جاری کرنا چاہئے جس طرح دیگر ریاستوں میں کیا گیا ہے۔ میں حکومت کیرلا کی طرف سے جاری کردہ حکم نامہ کی ایک نقل منسلک کررہا ہوں‘۔