این پی اے میںکمی، بینکوں کو منافع ہورہا ہے:نرملا

   

نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج راجیہ سبھا میں بتایا کہ ملک میں بینکوں کے نان پرفارمنگ اثاثے (این پی اے ) مسلسل کم ہو رہے ہیں اور تمام بینک منافع بخش پوزیشن میں ہیں اور ملک کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے ۔ منگل کو ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران ترنمول کانگریس کے جواہر سرکار کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے نان پرفارمنگ اثاثوں یعنی این پی اے میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اور بینکوں کی پوزیشن مضبوط ہو رہی ہے کیونکہ وہ منافع کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں امریکہ اور جرمنی سمیت دنیا کے مختلف بڑے ممالک کے بینکوں کی حالت خراب ہو رہی ہے ، وہیں ہندوستان میں بینک پھل پھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2022-23 کے مطابق کمرشل بینکوں کے نان پرفارمنگ اثاثے 0.95 فیصد جبکہ سرکاری بینکوں کے نان پرفارمنگ اثاثے 1.24 فیصد پر آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہماری معیشت جو کبھی بری حالت میں تھی اب تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔