این ڈی اے میں شمولیت کے مسئلہ پر چندرا بابو نائیڈو کاقائدین سے دہلی میں ربط

   

بی جے پی سے مفاہمت کی وجوہات کی وضاحت، تازہ ترین صورتحال پر گہری نظر
حیدرآباد۔/8مارچ، ( سیاست نیوز) نئی دہلی میں جنا سینا کے سربراہ پون کلیان کے ساتھ بی جے پی اعلیٰ قیادت سے مشاورت میں مصروف صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے آج آندھرا پردیش کے سینئر قائدین سے ربط قائم کرتے ہوئے بی جے پی سے مفاہمت کی صورت میں کارکنوں اور عوام کے ردعمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان کل سے نئی دہلی میں قیام پذیر ہیں اور این ڈی اے میں شمولیت کے مسئلہ پر جلد ہی اعلان ہوسکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے نئی دہلی سے کئی سینئر قائدین اور ٹکٹ کے دعویداروں سے فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے مختلف اسمبلی حلقہ جات کے انچارج قائدین سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ امیدواروں کی پہلی فہرست کی اجرائی کے بعد مذکورہ حلقہ جات میں پارٹی کے موقف پر استفسار کیا۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ ریاست کی صورتحال کے پیش نظر بی جے پی سے مفاہمت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے 12 حلقہ جات کے قائدین سے تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی قائدین نے این ڈی اے میں شمولیت کے مسئلہ پر اپنی رائے پیش کی جن میں بعض قائدین کی رائے فیصلہ کے خلاف تھی۔1