سُنّی وقف بورڈ کا 26 نومبر کو اجلاس، ایودھیا میں میلادالنبیؐ جلوس منسوخ، سلیم خان اور سری سری کا تبصرہ
لکھنؤ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سنی مرکزی وقف بورڈ نے اتوار کے دن کہاکہ ایک اجلاس اس بات کا فیصلہ کرنے کو کہ آیا ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کے لئے 5 ایکڑ اراضی قبول کی جائے۔ امکان ہے کہ یہ اجلاس 26 نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے اپنے متفقہ فیصلے میں ہفتہ کے دن ایودھیا میں متنازعہ اراضی پر رام مندر تعمیر کرنے کی راہ ہموار کردی ہے اور مرکز کو ہدایت دی ہے کہ 5 ایکر اراضی سنی وقف بورڈ کو مسجد کی تعمیر کے لئے دے۔ یوپی سنی مرکزی وقف بورڈ کے صدرنشین ظفر فاروقی نے کہاکہ انھیں اراضی لینے یا نہ لینے کے سلسلہ میں متضاد مشورے حاصل ہورہے ہیں اس لئے سپریم کورٹ کی ہدایت پر اراضی حاصل کی جائے یا نہیں اس کا فیصلہ کرنے اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ایودھیا میں مقامی مسلم قائدین نے کہاکہ ربیع الاول کے بڑے جلوس جو روایتی طور پر پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی یوم پیدائش تقریب کے سلسلہ میں نکالے جاتے تھے منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ یہ اقدام احتیاطی طور پر کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ہفتہ کے دن فیصلے میں مسلمانوں کو متنازعہ اراضی پر مسجد کی تعمیر سے روک دیا گیا ہے۔ اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان نے متنازعہ اراضی پر اسکولس اور ہاسپٹلس تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی۔ جبکہ سری سری روی شنکر کا ادعا ہے کہ فیصلہ کی ہر ایک نے ستائش کی ہے۔