حیدرآباد ۔ 31 مئی (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے آج بی جے پی کے کارپوریٹرس کے ساتھ حیدرآباد واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے دفتر پر احتجاج کیا۔ انڈر گراونڈ ڈرینج اور ایس این ڈی پی کے زیرالتواء کاموں کو فوری مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایٹالہ راجندر اور بی جے پی کے دیگر قائدین ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے احتجاج کررہے تھے۔ اس موقع پر ایٹالہ راجندر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد واٹر ورکس اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ کانگریس حکومت کے دیڑھ سال مکمل ہوچکے ہیں مگر چیف منسٹر ریونت ریڈی گریٹر حیدرآباد کے عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئے۔ ڈرینج کا بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے جس سے عوام پریشان ہیں۔ ایک سے زائد مرتبہ نمائندگی کی گئی ہے مگر عہدیدار مسائل کو حل کرنے میں کسی قسم کی کوئی دلچسپی نہیں دکھارہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ عوام کو ٹینکرس پر انحصار کرنا پڑرہا ہے۔ ڈبل بیڈ روم مکانات عوام کو الاٹ کئے گئے ہیں مگر ان مکانات میں پینے کا پانی سربراہ نہیں کیا جارہا ہے۔2
اس کے علاوہ برقی، سڑکوں کے علاوہ دیگر بنیادی مسائل ہیں اس کو بھی دور نہیں کیا جارہا ہے۔ کانگریس حکومت نیند کی آغوش میں ہے، اس کو جگانے کیلئے وہ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کررہے ہیں۔ ایس این ڈی پی پراجکٹ پر حکومت سختی سے عمل آوری کریں۔ ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے شہر کو ترقی دینے کے معاملے میں سابق چیف منسٹر کے سی آر نے بھی بلند بانگ وعدے کئے تھے مگر اس پر کسی قسم کی کوئی عمل آوری نہیں ہوئی۔ پینے کے پانی کے پائپ لائن کئی مقامات پر پھٹ گئے ہیں جس سے پانی ضائع ہورہا ہے۔2