ایٹالہ راجندر کو ہائی کمان نے دہلی طلب کرلیا پارٹی میں اختلافات کی یکسوئی کی مساعی

   

حیدرآباد ۔9 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی میں داخلی اختلافات میں شدت کے دوران رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نئی دہلی روانہ ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کی تازہ ترین صورتحال اور ریاستی صدر بنڈی سنجے کے خلاف سینئر قائدین کی محاذ آرائی کے پس منظر میں ہائی کمان نے ایٹالہ راجندر کو نئی دہلی طلب کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سینئر قائدین نے بنڈی سنجے کی پالیسیوں اور انداز کارکردگی کی مخالفت کرتے ہوئے ریاستی صدر تبدیل کرنے کی مانگ کی ہے ۔ ایٹالہ راجندر اور دیگر قائدین نے بنڈی سنجے کے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو تلنگانہ میں پارٹی کے لئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی ہائی کمان راجندر کو تلنگانہ میں اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کرچکا ہے۔ بنڈی سنجے اور ایٹالہ راجندر گروپس کی سرگرمیوں کو پارٹی کے لئے نقصان دہ تصور کرتے ہوئے ہائی کمان نے راجندر کو دہلی طلب کیا۔ دہلی میں صدر بی جے پی جے پی نڈا اور دیگر قائدین سے راجندر کی ملاقات کا امکان ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجندر نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے ۔ر