حیدرآباد۔/28 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے ملکاجگری کے رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر کے خلاف مقدمہ میں جن دفعات کو شامل کیا گیا اس پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس لکشمن نے ایف آئی آر میں سیکشن 191(2) کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کے سلسلہ میں پولیس سے وضاحت طلب کی ہے۔ ایٹالہ راجندر نے دفعات 126(2)، 115(2)، 352 ،351(2) اور 189(2) کے تحت درج کردہ ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کیلئے عدالت میں درخواست پیش کی۔ پوچارم پولیس اسٹیشن میں جی اوپیندر رئیل اسٹیٹ بزنس مین کی شکایت پر 21 جنوری کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جسٹس لکشمن نے 191(2) دفعہ کی شمولیت پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دفعہ مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر نافذ کی جاتی ہے جبکہ شکایت کنندہ نے اس طرح کی کوئی شکایت نہیں کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ شکایت کے برخلاف پولیس نے دفعات کا استعمال کس طرح کیا ہے۔ جسٹس لکشمن نے نوٹس جاری کی اور کہا کہ پولیس کو اس سلسلہ میں وضاحت کرنی چاہیئے۔ راجندر کے وکیل نے کہا کہ سیاسی مخاصمت کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 18 فروری کو ہوگی۔1