ایچ ایم ڈی اے کی جگہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن کی تشکیل

   

11 اضلاع ، 104 منڈلس 1355 گاوں شامل ، احکامات کی اجرائی

حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست کا دارالحکومت حیدرآباد اب سوپر گریٹر حیدرآباد بننے جارہا ہے ۔ حکومت نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) کو حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن ( ایچ ایم آر ) میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد کے آس پاس علاقوں میں ریجنل رنگ روڈ قائم ہورہا ہے ۔ جس کے تناظر میں مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن قائم کیا گیا ۔ اس سلسلے میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور نے احکامات جاری کئے ۔ متعلقہ محکمہ کو گزٹ جاری کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن کا حدود 11 اضلاع ، 104 منڈلس اور 1355 ریونیو دیہاتوں پر مشتمل ہوگا ۔ فی الحال ایچ ایم ڈی اے کا رقبہ 7257 مربع کلو میٹر پر ہے ۔ جب کہ ایچ ایم آر کا رقبہ بڑھ کر 10,472.72 مربع کلو میٹر تک پھیل جائے گا ۔ ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، میڑچل ، سدی پیٹ ، سنگاریڈی ، میدک ، یادادری بھونگیر شامل تھے ۔ ایچ ایم آر کے حدود میں ان کے علاوہ اضلاع نلگنڈہ ، ناگر کرنول ، محبوب نگر ، وقار آباد شامل ہورہے ہیں ۔ ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں ضلع رنگاریڈی مکمل شامل ہونے کے باوجود ’فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ قائم کرنے کے پیش نظر 36 ریونیو گاؤں کو ایچ ایم آر سے محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں نے استثنیٰ دیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن میں ضلع رنگاریڈی کے سب سے زیادہ 533 ریونیو ویلیجس ہیں جب کہ سب سے کم ضلع ناگر کرنول کے 3 گاؤں ہیں ۔۔ 2