ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کی سی بی آئی تحقیقات، گورنر سے کانگریس قائدین کی ملاقات

,

   

مقامی پولیس پر عوام کو بھروسہ نہیں، ڈائرکٹر جنرل پولیس سے علحدہ نمائندگی
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی قیادت میں کانگریس قائدین کے وفد نے آج ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے راج بھون میں ملاقات کی۔ حالیہ دنوں میں ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل واقعہ کی ہائی کورٹ کی نگرانی میں سی بی آئی تحقیقات کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ۔ ایڈوکیٹ وامن راؤ اور ان کی اہلیہ پی وی ناگامنی کے منتھنی میں دن دھاڑے قتل کی تفصیلات اور پس پردہ عوامل سے گورنر کو واقف کرایا گیا۔ کانگریس ارکان مقننہ سریدھر بابو ، جگا ریڈی ، جیون ریڈی کے علاوہ این پریتم اور دوسرے وفد میں شامل تھے ۔ گورنر کو بتایا گیا کہ وامن راؤ اور ان کی اہلیہ کو مختلف مقدمات میں عدالت سے رجوع ہونے پر انتقامی کارروائی کے تحت قتل کیا گیا ۔ منتھنی پولیس اسٹیشن میں دلت شخص کی پولیس حراست میں موت کے واقعہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا جس پر انہیں پولیس اور دوسروںکی جانب سے دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ دن دھاڑے عوام کی نظروں کے سامنے ایڈوکیٹ جوڑے کا قتل ریاست میں امن و ضبط کی ابتر صورتحال کو ظاہر کرتاہے۔ عوام کو اس واقعہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں پولیس پر بھروسہ نہیں ہے۔ گورنر کو چاہئے کہ عدالت کی نگرانی میں سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیں۔ کانگریس قائدین نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی سے ملاقات کی اور دہرے قتل کی تحقیقات میں تیزی پیدا کرنے پر زوردیا۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو بتایا کہ مقامی پولیس عہدیدار ٹی آر ایس قائدین کے اشارہ پر کام کر رہے ہیں۔ مقامی پولیس قتل کے شواہد اور حقائق کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ منتھنی میں اراضی اور ریت مافیا ٹی آر ایس قائدین اور پولیس کی ملی بھگت سے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ٹی آر ایس قائدین کے خلاف مقدمات سے روکنے کیلئے ایڈوکیٹ جوڑے کا قتل کیا گیا تاکہ دیگر وکلاء میں خوف کا ماحول پیدا کیا جائے۔ انہوں نے مقتول جوڑے کے ارکان خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ قاتل ٹی آر ایس قائدین کا تعلق چیف منسٹر کے قریبی حلقہ سے ہے۔ مقامی پولیس قتل کے ذمہ دار قائدین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہائی کورٹ نے یکم مارچ تک اس واقعہ کے سلسلہ میں پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے لیکن پسماندگان اور عوام کو مقامی پولیس پر بھروسہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے قتل کی مذمت تک نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس معاملہ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ ، صدر بار کونسل اف انڈیا اور دیگر اعلیٰ حکام کو مکتوب روانہ کرے گی۔