ممبئی : جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ واقعے کے بعد مہاراشٹر کے متعدد سیاح وہاں پھنس گئے تھے ، جن میں سے 65 افراد کے پہلے گروپ کو جمعرات کی صبح ایک خصوصی پرواز کے ذریعہ ممبئی لایا گیا۔ یہ انخلاء نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے کی قیادت میں شیوسینا کی جانب سے کیے گئے مربوط اقدام کا نتیجہ ہے ۔ منگل کے روز پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے میں مہاراشٹر کے 6 افراد سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے تھے ، جس کے بعد حکومت نے فوری طور پر ریاستی شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی کوششیں شروع کر دیں۔ اس سلسلے میں شنڈے گزشتہ روز سری نگر پہنچے تاکہ انخلاء کے عمل کی نگرانی کر سکیں۔ شیوسینا کے ایک کارکن نے بتایا کہ یہ پہلا خصوصی طیارہ 24 اپریل کو صبح 3:30 بجے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا، جس میں 65 مہاراشٹر کے سیاح سوار تھے جو کشمیر میں پیش آئے واقعے کے بعد وہیں پھنس گئے تھے ۔