سابق ایم پی وشویشور ریڈی کا ریمارک، مسجد کے انہدام کو اسد اویسی کی تائید باعث حیرت
حیدرآباد۔سابق رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ایک خاندان کیلئے عوام کے مذہبی جذبات کو مجروح کردیا گیا ہے۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں دو مساجد اور ایک مندر کے انہدام پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہاکہ کے سی آر خاندان کی توہم پرستی اور واستو کے نام پر عوام کے مذہبی جذبات کو قربان کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کے تعلق سے عوام کے جو جذبات ہیں اسے نظرانداز کرنے کیلئے کہا جارہا ہے۔ ایک خاندان کے عقیدہ اور اس کے واستو کے بارے میں توہم پرستی کی تکمیل عوامی خزانہ سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کے سی آر اور کے ٹی آر سے سوال کیا کہ ان کی ترجیح کورونا وباء سے عوام کو بچانا ہے یا پھر نئے سکریٹریٹ کی تعمیر ہے۔ وشویشور ریڈی نے عبادت گاہوں کے انہدام پر صدر مجلس اسد اویسی کے ٹوئیٹ پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب وہ اسد اویسی کو مسجد کے انہدام اور نئی مسجد کی تعمیر کی تائید میںدیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے عقیدہ پر عوام کے جذبات کو قربان کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نئے سکریٹریٹ کی تعمیر سے زیادہ عوام کو کورونا کے قہر سے بچانے کی اہمیت ہے۔