ایک دن میں سندھ پولیس کے 171 اہلکاروں میں کورونا کی تشخیص

   

اسلام آباد۔ پاکستان میں صوبہ سندھ کی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک دن میں صوبے میں 171 پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد وائرس سے متاثرہ پولیس افسران اور جوانوں کی تعداد دو ہزار 96 ہو گئی ہے۔ترجمان کے مطابق اب تک کورونا کے دوران فرائض کی ادائیگی میں 16 پولیس افسران اور جوان ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق کراچی جبکہ دو کا حیدرآباد رینج سے تعلق تھا۔ اس وقت زیرعلاج افسران اور جوانوں کی تعداد 1584 ہے جبکہ 496 افسران اورجوان صحتیاب ہوکر گھر جا چکے ہیں۔سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پراقدامات جاری ہیں۔دوسری جانب پاکستان میں کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 65 اموات ہوئی ہیں جبکہ دو ہزار 752 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔لاہور میں مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کے والد اور معروف وکیل زاہد بخاری بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔