ایک سو سے زیادہ ریپ ،درندہ صفت سوامی کو 14 سال کی قید

   

فتح آباد : ہریانہ کے فتح آباد کی ایک فاسٹ ٹریک کورٹ نے امرپوری (جلیبی بابا کے نام سے مشہور ایک خود ساختہ سوامی) کو 100 سے زیادہ خواتین کی عصمت دری اور اس گھناؤنے جرم کی ویڈیو بنانے کے جرم میں 14 سال قید کی سزا سنائی ہے۔درندہ صفت سوامی جلیبی بابا اپنے پاس آنے والی خواتین کو نشہ آور چائے پلاکر ان کی عزت لوٹتا اور تمام گھناؤنی حرکتوں کو ریکارڈ کرتا تھا۔ پھر ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر رقم کے لیے بلیک میل کیا کرتا تھا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بلونت سنگھ نے 63 سالہ امرپوری کو پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسوئل آفنسز (پوسکو) ایکٹ کی دفعہ 6 کے تحت نابالغ کی دو بار عصمت دری کے الزام میں 14 سال قید کی سزا سنائی اور دفعہ 376 کے تحت عصمت دری کے دو مقدمات میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی۔ تعزیرات ہند کے آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67-A کے تحت 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تاہم آرمس ایکٹ کیس میں اسے بری کردیا گیا-متاثرین کے وکیل سنجے ورما نے کہا کہ تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی اور نام نہاد سوامی کو 14 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنا ہوگا۔ قبل ازیں فتح آباد کی عدالت نے 5 جنوری کو خود ساختہ سوامی امرپوری عرف بلو کو عصمت دری کے الزام میں مجرم ٹھہرایا تھا۔ متعدد خواتین میں سے صرف کچھ متاثرہ خواتین نے بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے متاثرین کے بیانات کی بنیاد پر فیصلہ سنایا۔ہریانہ پولیس نے 2018 میں امرپوری کو فتح آباد کے ٹوہانہ قصبے سے گرفتار کیا اور اس کے موبائل فون سے 120 مبینہ جنسی ویڈیو کلپنگس برآمد کئے تھے۔