ایک فون میں 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس کا استعمال

   

میٹا کااعلان، صارفین کیلئے مزید سہولتوں کی فراہمی
واشنگٹن :اگر انٹرنیٹ میسجنگ کی بات کی جائے تو واٹس ایپ کی مقبولیت کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔مگر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں ابھی تک صارفین ایک فون میں صرف ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرسکتے تھے۔ایک فون میں 2 واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے ایپ کی سکنڈری کاپی بنانا پڑتی تھی جو آسان کام نہیں ہے۔میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین ایک فون میں 2 مختلف واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔مارک زکربرگ کے اعلان کے بعد کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس فیچر کو متعارف کرا دیا گیا ہے اور اب صارفین بیک وقت 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ایک ڈیوائس پر استعمال کر سکیں گے۔یہ فیچر ان افراد کے لیے بہترین ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کو دفتری سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے وہ دفتری اور ذاتی زندگی کے لیے الگ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔اس لیے یہ رواں سال کے چند بڑے فیچرز میں سے ایک ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔