ایک ہی مرحلے میں ہوں گے ہریانہ اور مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات،21 اکتوبر کو ووٹنگ، 24 کو نتائج

,

   

الیکشن کمیشن اف انڈیا نے دو ریاستوں ہریانہ اور مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ مہاراشٹر اور ہریانہ میں 21 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ 24 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ مہاراشٹر میں کل 288 سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ وہیں، ہریانہ میں 90 سیٹوں کے لئے ووٹ پڑیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ریاستوں میں 27 ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ 4 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی داخل کئے جا سکتے ہیں اور 7 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ الگ الگ ریاستوں کی 64 اسمبلی سیٹوں اور بہار کی سمستی پور لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخابات بھی 21 اکتوبر کو ہوں گے ۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 288 اسمبلی سیٹوں والے مہاراشٹر میں اور 90 سیٹوں والے ہریانہ میں ایک ہی مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی دونوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہو گیا ہے۔ اب ان دونوں ریاستوں میں کوئی نئے اعلانات نہیں کئے جا سکیں گے۔ مہاراشٹر میں 8.9 کروڑ رائے دہندگان اور ہریانہ میں 28 لاکھ ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔