ٹوکیو: جاپان میں یکساں طور پر پہلے اور دوسرے نام کے حامل 178 افراد ایک ہی چھت تلے جمع ہوئے اور اس تاریخی واقعہ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے تصدیقی سند بھی دیدی ہے۔ٹوکیو کے ایک ہال میں 178 ایسے افراد جمع ہوئے جن میں سے ہر ایک کا نام ہائروکازو تاناکا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2005 میں ’مارتھا اسٹیوورٹ‘ نامی 164 افراد ایک جگہ جمع ہوئے تھے۔ یہ تقریب امریکی تاجر خاتون مارتھا اسٹیوورٹ نے منعقد کی تھی۔ لیکن اب جاپانیوں نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔واضح رہے کہ ہائروکازو تاناکا نامی تنظیم نے یہ تقریب منعقد کی تھی۔ تاہم یہ کوششیں 2011 اور 2017 میں بھی کی گئی تھیں جس میں ناکامی ہوئی کیونکہ اس وقت صرف 71 اور 87 افراد ہی شریک ہوسکے اور ورلڈ ریکارڈ نہ توڑا جاسکا۔