نئی دہلی : ریزرو بینک آف انڈیا نے مرکزی اور ریاستی ملازمین کیلئے جاری کیے جانے والے ای۔روپے پری پیڈ ڈیجیٹل واؤچر کی حد 10,000 روپے فی واؤچر سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔جمعرات کو ممبئی میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کے دو ماہی جائزہ اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ آر بی آئی کی تجویز کے مطابق اس طرح کے واؤچرز کو اب رقم ختم ہونے تک کئی بار استعمال کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا(این پی سی آئی) کے ذریعہ تیار کردہ ای۔ روپے پری پیڈ ڈیجیٹل واؤچر اگست 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس وقت کیش لیس ادائیگی میں لائے گئے اس واؤچر کی حد 10,000 روپے تھی اور ایک واؤچر صرف ایک بار استعمال کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستوں کی طرف سے جاری کردہ ای۔روپے واؤچرز کی حد کو 10,000 روپے سے بڑھا کر 1,00,000 روپے فی واؤچر کرنے اور اس طرح کے ای۔روپے واؤچرز کے ایک سے زیادہ استعمال کی اجازت دینے کی تجویز ہے ، جب تک کہ واؤچر کو پوری طرح خرچ نہیں کیا جاتا ہے ۔