ای ایس آئی میڈیکل اسکام کی گرفتار جوائنٹ ڈائرکٹر کا اقدام خودکشی

   

حیدرآباد۔/19 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ای ایس آئی میڈیکل انشورنس اسکام میں گرفتار جوائنٹ ڈائرکٹر نے خودکشی کا اقدام کیا۔ تاہم فوری طور پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے اس خاتون کو بچالیا گیا جو ان دنوں جیل میں قید ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جوائنٹ ڈائرکٹر پدمجا کو گزشتہ ہفتہ اے سی بی کے عہدیداروں نے ایک کارروائی کے دوران دیگر عہدیداروں کے ساتھ گرفتار کیا تھا اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد چنچل گوڑہ میں واقع خواتین کی جیل منتقل کیا گیا تھا۔ پدمجا نے نیند کی زائد گولیوں کا استعمال کرلیا جس کے سبب ان کی حالت بگڑ گئی۔ تاہم فوری طور پر جیل کے دواخانہ میں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس خاتون کو عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جانچ کرتے ہوئے انہیں طبی سہولیات فراہم کی اور ان کی حالت کو خطرہ سے باہر قرار دیا۔