35 کروڑ روپئے کی منظوری ۔ آپریشن تھیٹر اور آئی سی یو کو بھی عصری بنایا جائیگا
حیدرآباد۔ 3 مارچ (سیاست نیوز)شہرمیں سرکاری دواخانوں کی حالت میں بہتری لانے محکمہ صحت سے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان میں ای این ٹی دواخانہ کوٹھی کی تزئین نو اور مرمت و دیگر امور شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے ای این ٹی دواخانہ کوٹھی میں آپریشن تھیٹر و پوسٹ آپریشن آئی سی یو کی صورتحال کو بہتر بنانے کے علاوہ مرمتی کاموں کی تکمیل کیلئے 35 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ ان کاموں کی تکمیل کیلئے جلد بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ صحت سے گذشتہ دو برسوں میں سرکاری دواخانوں کی حالت میں بہتری لانے منصوبوں کے بعد اب سرکاری دواخانوں کی حالت کو بہتر بنانے اقدامات کئے جارہے ہیں۔گذشتہ دنوں محکمہ صحت کی جانب سے دواخانہ عثمانیہ کی حالت کو بہتر بنانے اور تاریخی عمارت اور احاطۂ دواخانہ میں راہداریوں کو خوبصورت بنانے کیلئے 63 کروڑ کی منظوری عمل میں لائی گئی تھی ۔ دواخانہ عثمانیہ میں کاموں کو حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی نگرانی میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ای این ٹی کی عمارت میں کاموں کیلئے مختلف ایجنسیوں کی خدمات کے علاوہ خود محکمہ صحت کی نگرانی میں انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں محکمہ صحت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔جا رہاہے کہ جہاں تک ممکن ہوسکے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں۔ ای این ٹی دواخانہ کوٹھی کے مرمتی و دیگر کاموں کیلئے منظورہ 35 کروڑ کے ذریعہ آپریشن کے بعد مریضوں کو سخت نگہداشت کے کمروں میں سہولتوں کے علاوہ آؤٹ پیشنٹ رومس کو بہتر بنانے منصوبہ تیار کیا گیا ۔ علاوہ ازیں دواخانہ کے حدود میں صفائی اور ضروری مرمتی کاموں کی تکمیل بالخصوص دواخانہ کے اندرونی حصہ میں موجود راہداریوں کو بہتر بنانے اور مریضوں اور ان کے رشتہ دارو ںکو بیٹھنے کیلئے اعلیٰ معیاری فرنیچرکی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔