نئی دہلی: ای پی ایس-95 پنشنرز کے ایک وفد نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کم از کم پنشن 7500 روپے ماہانہ کے ساتھ مہنگائی الاؤنس اور دیگر مطالبات پر ہمدردی سے غور کرنے کا یقین دلایا ہے ۔ ای پی ایس 95 نیشنل موومنٹ کمیٹی کے قومی صدر کمانڈر اشوک راوت نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان کی قیادت میں ایک وفد نے یہاں سیتا رمن سے ملاقات کی اور کم از کم پنشن 1000 روپے سے بڑھا کر 7500 روپے ، اس میں مہنگائی الاؤنس جوڑنے اور پنشنرز اور ان کی شریک حیات کیلئے مفت علاج کا مطالبہ کیا۔سیتا رمن نے ان کے مطالبات پر ہمدردی سے غور کرنے کا یقین دلایا ہے ۔
راوت نے کہا کہ وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات کے دوران وفد نے مرکزی اور ریاستی حکومت کے پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس، پرائیویٹ تنظیموں اور ملک بھر میں فیکٹریوں سے وابستہ 78 لاکھ سے زیادہ پنشنروں کی حالت زار پر روشنی ڈالی۔مسٹر راوت نے کہا، “وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی یقین دہانی سے ہمیں امید ملتی ہے ، لیکن حکومت کو آئندہ بجٹ میں 7500 روپے کم از کم پنشن اور مہنگائی الاؤنس کا اعلان کرنا چاہیے ۔ اس سے کم کچھ بھی بزرگ شہریوں کو باوقار زندگی فراہم کرنے میں ناکام رہے گا۔ انہوں نے کچھ مزدور تنظیموں کی جانب سے کم از کم 5000 روپے پنشن کے مطالبے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ 7500 روپے کم از کم رقم ہے ، جو ایک باعزت زندگی کے لیے ضروری ہے ۔