اے ٹی ایم سنٹرس میں رقم نکالنے میں مدد کے بہانے رقم لوٹنے والا شخص گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) اے ٹی ایم سنٹر سے رقم نکالنے میں مدد کے بہانے رقم لوٹنے والے ایک ملزم کو پولیس بھونگیر نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 40 سالہ توموراجو ساکن گنگادھر کریم نگر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اپریل 2021 ء میں اس نے ایک شخص کو اپنی جعلسازی کا نشانہ بنایا تھا جو اے ٹی ایم سنٹر سے رقم نکالنے گیا تھا۔ لوگوں کو مدد کے نام پر لوٹنے والا یہ ملزم اے ٹی ایم کا خود استعمال کرتا اور اس دوران متاثرین سے پن نمبر بھی حاصل کرلیا کرتا تھا۔ متاثرین کو رقم نکال کر دینے کے بعد انہیں دوسرا اے ٹی ایم کارڈ حوالے کردیا کرتا تھا جس کے بعد متاثرین کے اصل کارڈ کو استعمال کرتے ہوئے اے ٹی ایم سے رقم نکال لیا کرتا۔ توموراجو سدی پیٹ، کریم نگر، گجویل اور بھونگیر پولیس کے حدود میں 5 وارداتوں میں ملوث ہے۔