اے پی:پکوان گیس سلنڈر پھٹ پڑا۔ چارافرادہلاک

   

حیدرآباد 28مئی(یواین آئی) آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں پکوان گیس سلنڈر کے پھٹ پڑنے کے نتیجہ میں چارافراد ہلاک اوردیگر دو شدید طورپر جھلس گئے ۔ مُولاکالیڈو علاقہ کے مکان میں یہ واقعہ پیش آیا۔گیس سلنڈر کے پھٹنے سے متصل مکان کی چھت گرگئی۔اس واقعہ میں پڑوس کے مکان کے چارافراد ہلاک ہوگئے جبکہ سلنڈرجس مکان میں پھٹا اس کے دوا فراد شدید جھلس گئے ۔پولیس نے بتایا کہ رزاق نامی شخص کے مکان میں صبح تقریبا پانچ بجے سلنڈر پھٹ پڑاجس میں رزاق کے ساتھ ان کا بیٹا عبدل شدید زخمی ہوگیا۔ سلنڈرپھٹنے کی شدت کے نتیجہ میں پڑوس کے مکان کی چھت گرگئی جس کے سبب مکان میں محوخواب چارافراد ہلاک ہوگئے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر راحت کام کا آغاز کیااوراس واقعہ کے نتیجہ میں مکان میں ملبہ میں پھنسی لاشوں کو نکالتے ہوئے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیاگیا جبکہ جھلسے افراد کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیاگیا۔بعد ازاں ان کو بہتر علاج کیلئے اننت پور اسپتال منتقل کیاگیا۔پولیس نے کیس درج کرکے جانچ شروع کردی۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ یہ واقعہ پانچ بجے صبح پیش آیا۔اس کے نتیجہ میں گاوں میں غم کی لہر دوڑگئی۔مہلوکین کی شناخت 6سالہ فردوس، 60 سالہ زینب، 35سالہ دادو،30سالہ شرفو کے طورپر کی گئی ہے ۔