اے پی اسمبلی سے تلگودیشم کے چارارکان معطل

   

حیدرآباد۔22۔مارچ (یواین آئی) آندھراپردیش کی اصل اپوزیشن تلگودیشم کے چار ارکان کو اسپیکر نے ایوان میں گڑبڑکرنے پر مکمل سیشن کیلئے معطل کردیا۔ ایوان کی آج کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی تلگودیشم کے ارکان نے ملاوٹی شراب کے خلاف نعرے بازی شروع کردی اور جنگا ریڈی گوڑم جہاں پر اس ملاوٹی شراب پینے کے بعد 19افراد کی موت کے واقعہ کی عدالتی جانچ کامطالبہ کیااوراسپیکر کے پوڈیم کے قریب پہنچ کر احتجاج کیا۔اس پر اسپیکر ٹی سیتارام نے ان ارکان کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا اور ان سے خواہش کی کہ وہ اپنے رویہ کو تبدیل کریں تاہم تلگودیشم کے ارکان نے اسپیکر کی اس درخواست کو نظرانداز کردیا جس پر اسپیکر نے تلگودیشم کے چار ارکان ستیہ پرساد، بی اشوک، رام راجواورراماکرشنا بابو کو معطل کردیا۔ یہ معطلی مکمل سیشن تک رہے گی۔ اسپیکر نے واضح کیاکہ پوڈیم کے قریب احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اسپیکر نے واضح کیاکہ ایوان کے رکن کے طورپر ہم ارکان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ سوال جواب کے سیشن میں حصہ لیں گے۔