امراوتی 18 اگسٹ ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش میں آئندہ دو دن کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ عوام سے چوکس رہنے اور احتیاط برتنے کو بھی کہا گیا ہے ۔ اے پی ڈزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے پیش قیاسی کی ہے کہ اتوار کی شام سے پیر تک شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ علاقہ میں موسمی تبدیلیوں کے زیراثر شدید بارش ہوسکتی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشن کے مینیجنگ ڈائرکٹر آر کرماناتھ نے کہا کہ کئی اضلاع بشمول سریکاکلم ‘ وجیا نگرم ‘ الوری سیتاراما راجو ‘ پاروتی پورم ‘ وشاکھاپٹنم ‘ انکاپلی ‘ کاکناڈا ‘ مشرقی گوداوری ‘ ایلورو ‘ پرکاشم اور نندیال میں اوسط سے شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ کوناسیما ‘ مغربی گوداوری ‘ کرشنا ‘ این ٹی آر ضلع ‘ گنٹور ‘ باپٹلہ ‘ پلناڈو ‘ کرنول ‘ اننت پور ‘ چتور اور تروپتی میں ہلکی سے اوسط بارش کی پیش قیاسی بھی کی گئی ہے ۔ ایجنسی نے کہا کہ پیر کو کئی مقامات پر بہت شدید بارش ہوسکتی ہے اور اس کا اثر شمالی کرناٹک اور تلنگانہ میں بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔ عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں ۔