راجیہ سبھا نامزدگی کی اطلاعات ۔ پولیس تربیتی پروگرام میں عدم شرکت
حیدرآباد 15مئی (سیاست نیوز) ادارۂ سیاست کی جانب سے پولیس تربیت کے پروگرام میں مشیر حکومت برائے اقلیتی امور جناب عبدالقیوم خان ریٹائرڈ آئی پی ایس شرکت کرنے والے تھے لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اچانک انہیں ایرا والی (گجویل) میں واقع فارم ہاؤز میں شخصی ملاقات کیلئے طلب کرلیا ۔ اس وجہ سے پولیس تربیت کے پروگرام میں شریک نہیں ہوپائے۔ ادارۂ سیاست کے پروگرام میں جناب اے کے خان نے اپنی شرکت کی توثیق کی تھی تاکہ نوجوانوں کو پولیس تربیت کے نکات سے واقف کرواسکیں لیکن چیف منسٹرنے انہیںتبادلہ ٔ خیال کیلئے فارم ہاؤز طلب کیا جس کے سبب وہ شریک نہیں ہوپائے ۔ پروگرام کے منتظمین نے انتظار کے بعد ان سے رابطہ کیا تو مسٹر خان نے بتایا کہ وہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ان کے فارم ہاؤز ایراولی میں موجود ہیں اسی لئے وہ پروگرام میں شرکت سے قاصر ہیں۔ مسٹر اے کے خان کو حکومت نے اقلیتی امور کے مشیر کی حیثیت سے نامزد کیا ہے اور وہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس سوسائیٹی کے صدر بھی ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ گذشتہ چند یوم سے فارم ہاؤز میں سرکردہ سیاسی ماہرین کے ہمراہ قومی سیاسی امور کے متعلق تبادلۂ خیال میں مصروف ہیں اور ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کی ان مصروفیات سے ریاستی قائدین کو دور رکھا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر کے فارم ہاؤز میں فلمساز و اداکار پرکاش راج نے ملاقات کی ہے ۔جناب عبدالقیوم خان کو تلنگانہ راشٹر سمیتی رکن راجیہ سبھا نامز د کئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں ایسے میں سمجھا جا رہاہے کہ اے کے خان نے آج راجیہ سبھا کی نامزدگی کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ان کے فارم ہاؤز پر خصوصی ملاقات کی ۔