بابری مسجد انہدام کیس کٹیار و دیگر کی عدالت میں حاضری

   

لکھنؤ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر ونئے کٹیار، سابق ایم پی رام ولاس ویدانتی اور چار دیگر ملزمین بابری مسجد انہدام کیس میں جمعرات کو یہاں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے روبرو حاضر ہوئے، تاہم عدالت نے وقت کی کمی کی بناء صرف وجئے بہادر سنگھ کا بیان ہی قلمبند کیا اور بقیہ کو اگلے روز حاضر ہونے کیلئے کہا۔ عدالت میں حاضر ہونے والے دیگر ملزمین پون پانڈے، سنتوش دوبے اور گاندھی یادو ہیں۔ خصوصی جج ایس کے یادو نے انہیں یہ بھی کہا کہ اپنا بیان قلمبند ہونے کے بعد اپنی صفائی میں اگر کوئی دیگر ثبوت ہو تو تحریر میں پیش کریں۔ کلیان سنگھ ، ایل کے اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی ، اوما بھارتی ، سادھو ی رتھمبرا اور ساکشی مہاراج کے بشمول 32 ملزمین کو اس کیس میں ٹرائل کا سامنا ہے۔