بابری مسجد شہادت کے خاطیوں کو سزا دینا قانونی اداروں کی ذمہ داری

   


محبوب نگر میں مسلم نوجوانوں کے وفد کی جانب سے صدر جمہوریہ کو موسومہ یادداشت ضلع کلکٹر کے حوالے

محبوب نگر ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمارے ملک بھارت کے سیکولر کردار کو دنیا بھر میں داغدار کرنے والے مجرمانہ سازشوں کے ذمہ دار خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ یہ مطالبہ مسلم نوجوانان محبوب نگر نے کل جماعتی مسلم رابطہ کمیٹی محبوب نگر کے زیر اہتمام ضلع کلکٹر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کیا۔ صدر جمہوریہ ہند کو موسومہ اس یادداشت میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ میں مسجد کے وجود اور اس کی ملکیت کو تسلیم کرتے ہوئے عقیدہ کی بنیاد پر مسجد کی اراضی کو مندر کے حوالے کرنے کے بعد بابری مسجد انہدام واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا دینا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دستوری ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر کنوینر کل جماعتی مسلم رابطہ کمیٹی محمد محسن خان اور محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ کی قیادت میں صمد خان، محمد عبدالرافع ذکی، سعادت اللہ حسینی کونسلر، مرزا قدوس بیگ، نور الحسن، محمد عبدالقدیر، محمد سراج، حافظ ادریس، محمد صادق، محمد مزمل محی الدین کونسلر، محمد الیاس مجاہد قادری، سجو پہلوان، عمران شریف، عبدالرحمن خواجہ، عظمت علی، چھوٹن، اظہر و دیگر موجود تھے۔