نئی دہلی 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد کے انتہائی حساس مقدمہ پر فیصلہ دینے والے سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی سکیورٹی میں زبردست اضافہ کے طور پر زائد سپاہی تعینات کرتے ہوئے جگہ جگہ رکاوٹوں کے لئے بیریکٹرس لگائے گئے اور موبائیل ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی، نامزد چیف جسٹس آف انڈیا شرد اروند بوبڈے، جسٹس دھننجے وائی چندرا چوڑ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنذیر نے اس زائداز ایک صدی طویل مقدمہ پر لگاتار 40 روز سماعت کے بعد ہفتہ کو فیصلہ کا اعلان کیا تھا۔ سینئر عہدیداروں نے کہا ہے کہ ’احتیاطی طور پر عزت مآب جج صاحبان کی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے اگرچہ کسی بھی جج کو واضح طور پر کوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی‘۔ سکیورٹی مشق کے طور پر ان ججوں کی رہائش گاہوں پر اضافی سپاہیوں کو تعینات کیا گیا۔ چند مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔