بابی دیول کا کنگوا فلم میں خطرناک اوتار

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ اداکار بابی دیول ہیرو سے ویلن بننے کے چرچے تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ بابی آج اپنی سالگرہ منا رہے ہیں اور ساؤتھ فلمس کے میکرز نے ان کے مداحوں کو خصوصی تحفہ دیا ہے۔ جب سے بابی دیول کی ساؤتھ سوپر اسٹار سوریا کی فلم کنگوا میں شامل ہونے کی خبر سامنے آئی ہے، ناظرین اس فلم سے ان کی پہلی جھلک کا انتظار کر رہے تھے۔ اداکار کی سالگرہ کے موقع پر فلم بنانے والوں نے ناظرین کی یہ خواہش پوری کردی۔ اینیمل میں ویلن کا کردار ادا کرنے کے بعد اب ہرکوئی بابی کو ویلن کے کردار میں دیکھنا چاہتا ہے۔ ناظرین کی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے بابی کو کنگوا میں ویلن کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ فلم کنگوا سے بابی کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے۔ اداکار کے فرسٹ لْک پوسٹر نے لوگوں کو خوش کردیا ہے۔ اس پوسٹر میں بابی پوری طرح سے جنوب کے رنگوں میں رنگے نظر آرہے ہیں۔ لمبے بال، ایک ڈراؤنی آنکھ، گلے میں ہڈیوں کا ہاربابی کا ایسا خطرناک روپ پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔