بارش نے ورلڈ کپ جیت لیا،ٹوئٹر پر شائقین کے دلچسپ تبصرے

,

   

لندن ۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں رواں ورلڈکپ میں بارش بھی اپنے زور و شور کے ساتھ جاری ہے اور یہی وجہ ہے کہ ماہرین کی جانب سے کہا جاتا رہا ہے کہ ورلڈکپ 2019 کے دوران اوسطاً زیادہ میچز کا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس جاری ایونٹ کے دوران 7 جون کو برسٹل میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔ اسی طرح ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان 10 جون کو ساؤتھمپٹن میچ بھی شروع ہوتے ہی بارش سے متاثر ہوگیا تھا اور میچ نہ ہونے کی صورت میں ان دونوں ٹیموں کو بھی ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھاجس کے بعد سری اور بنگلہ دیش کا مقابلہ بھی بارش کی نذر ہوا۔ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان 4 جون کو کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلا گیا میچ بھی بارش سے متاثر ہوگیا تھا، یہ میچ مکمل تو ہوا لیکن اس میں بھی اوورز کی کٹوتی کردی گئی تھی۔ اس تمام تر صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹوئٹر صارفین بھی ورلڈکپ کا مزہ پھیکا پڑنے پر پریشان ہوکر اپنے دل کا غم ٹوئٹر پر نکالے ہیں۔ ایک صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں ایک تصویر جاری کی جس میں پانی کے اندرکھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھایا گیا اور لکھا کہ میچ شروع ہوگیا ہے۔ ایک اور صارف نے ورلڈکپ ٹرافی کی زیر سمندر لی گئی ایک تصویر کو شائع کیا اور اپنے پیغام میں اس نے انگلینڈ کو فاتح قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انگلینڈ ٹیم عالمی میلے کی ٹرافی وصول کر رہی ہے۔ اسی طرح ایک صارف نے ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل کی تصویر شیئر کی جس میں نیوزی لینڈ کی جگہ’’بارش ‘‘ لکھ دیا گیا جبکہ نیوزی لینڈ کے پرچم کی جگہ بارش والی ایموجی لگادی یعنی ٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر بارش موجود ہے۔ یہاں اس صارف کا دکھانے کا مقصد یہ تھا کہ بارش نے ایونٹ میں 3 میچز کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلا مقام حاصل کرلیا۔ ایک صارف نے فوٹو ایڈیٹنگ سافٹ ویر فوٹو شاپ کی مدد سے ٹرافی کا ایک پوسٹر تیار کیا جس میں لکھا ہوا تھا کہ ورلڈکپ 2019 بارش نے جیت لیا ہے۔ اس صارف نے ایک تصویر شائع کی جس میں اس نے سوئمنگ پول کی ایک تصویر جس دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 کھلاڑی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔اس نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا ورلڈکپ ہی منسوخ کر دینا چاہیے اور ٹرافی کے ٹکرے کرکے تمام ٹیموں میں بانٹ دی جانی چاہیے۔ ورلڈکپ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شائع ہونے والے اپ ڈیٹ کے جواب میں ایک صارف نے کیچڑ میں کرکٹ کھیلنے والے لڑکوں کی ایک تصویر شائع کی جس میں اس نے لکھا کہ کم سے کم اس طرح کرکٹ ہونی چاہیے۔ ایک صارف نے کسی کرکٹ اسٹیڈیم کی فائل فوٹو شائع کی جس میں بہت زیادہ پانی بھرا ہوا ہے اس حوالے سے اس نے لکھا کہ اس وقت برسٹل کے میدان کی صورتحال ایسی ہے۔ ایک صارف نے تو مضحکہ خیز جملہ لکھا کہ میرے خیال میں آج بارش جیتے گی۔اس صارف نے تو کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل کا احوال ہی سنا دیا اور مضحکہ خیز انداز میں کہا کہ ورلڈ کپ کا فائنل تیز بارش اور ہلکی بارش کے درمیان ہوا جسے تیز بارش نے 62 ملی میٹر سے جیت لیا۔