متاثرہ مکانات کی صفائی و مرمت سے قبل ان کی تصاویر اور
ویڈیو ریکارڈنگ ضرور کرلیں
حیدرآباد۔شہر اور اضلاع میں حالیہ شدید بارش سے متاثرہ افراد کو یہ ضروری اور اہم اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ متاثرہ مکانات کی صفائی اور مرمت سے قبل چند باتوں کا خاص خیال رکھیں۔ کسی حادثہ کے منظر کی طرح اس مقام کی صفائی کے بعد اس کا کوئی ثبوت موجود نہیں رہتا صرف اس کی تصاویر اور ویڈیو ریکارڈنگ جو حادثہ کے فوری بعد لی جاتی ہے وہی بعد میں عدالتوں میں ثبوت کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔ بارش سے متاثرہ مکانات میں رہنے والوں کو چاہیئے کہ وہ متاثرہ مکان کے سامنے ٹہر کر تصاویر اور اس کی ویڈیو ریکارڈنگ تیار کرلیں۔ یہ چیزیں دستاویزات، امداد یا کسی پیاکیج وغیرہ کیلئے درخواست دینے پر ثبوت کے طور پر قبول کئے جاتے ہیں۔ بغیر کسی رکاوٹ کے تین تا چار منٹ کا ویڈیو تیار کرنا چاہیئے جو ٹکڑوں یا حصوں میں نہیں ہونا چاہیئے۔ گھر کا ہر ممبر دو زاویوں سامنے اور بازو سے واضح طور پر نظر آنا چاہیئے۔ واضح طور پر پہلا نام، آخری نام، ماں کا نام اور والد کا نام کہیئے۔ ویڈیو میں مکان کا اگلا حصہ اور مکان نمبر واضح طور پر شامل کیا جانا چاہیئے۔ جزوی طور پر خراب ہوئے دستاویزات کی زیادہ سے زیادہ تصاویر حاصل کریں اور ان کی حفاظت کریں۔ سیفٹی کیلئے ویڈیو کو دوسرے سیل فونس پر فارورڈ بھی کریں۔