بارش کے پیش نظر تمام اضلاع میں سخت چوکسی کیلئے وزیر مال کی ہدایت

   

19 جون سے موسلادھار بارش کی پیش قیاسی، سرینواس ریڈی کی عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں مانسون کے دوران عوام کو کسی طرح کی دشواریوں اور رکاوٹوں سے بچاؤ کے لئے جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام محکمہ جات کو مشترکہ طور پر لائحہ عمل تیار کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت کے مطابق ریاست میں مواضعات کی سطح تک آفات سماوی سے نمٹنے کیلئے درکار عصری آلات کا انتظام کیا جائے۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ آئندہ 3 تا 4 دنوں میں ریاست بھر میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ خاص طورپر 19 جون سے ریاست بھر کے تمام علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ ساتھ سرکاری محکمہ جات کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔