بچاؤ ٹیموں کو تیار رہنے کا مشورہ، سنجے جاجو کی کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے ریاست میں موسلادھار بارش کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلع کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت دی اور کہا کہ جانی اور مالی نقصانات سے بچاؤ کیلئے ضلع کلکٹرس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے ۔ گزشتہ دو دن سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ دو دنوں تک محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ سنجے جاجو نے ضلع کلکٹرس اور پولیس کمشنرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل مہیش بھاگوت ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سکریٹری ہری چندنا ، سکریٹری آبپاشی سریدھر، سکریٹری زراعت سریندر موہن اور دیگر عہدیدار ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے، لہذا سرکاری محکمہ جات کو اشتراک کے ساتھ احتیاطی منصوبہ تیار کرنا چاہئے۔ ہر ضلع میں ہیڈکوارٹر پر کنٹرول روم قائم کیا جائے اور عوام کی مکمل مدد کی جائے۔ چیف سکریٹری نے ذخائر آب میں پانی کے بہاؤ اور سیاحتی مقامات پر عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے گوداوری کے اطراف کے علاقوں میں کلکٹرس کو صورتحال کا جائزہ لینا چاہئے ۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی خصوصی ٹیموں کو بچاؤ اور امدادی کاموں کیلئے تیار رکھا گیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں ریاست کے بعض اضلاع میں کسانوں کو متبادل فصلوں کی ترغیب دی جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو دنوں کی بارش سے ریاست کے تمام اضلاع میں معمول کے مطابق بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند نے اضلاع میں پولیس عہدیداروں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خصوصی ٹیموںکو تیار رکھنے کی ہدایت دی ۔1/k/m/b