بارڈر روڈز آرگنائزیشن کا کارنامہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج

   

نئی دہلی: عالمی تنظیم گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ذریعہ لداخ کے املنگلا پاس پر 19000 فٹ سے زیادہ کی بلندی پر سڑک بنانے کے کارنامے کو تسلیم کرتے ہوئے اسے بنانے کا سرٹیفکیٹ دیا ہے ۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودھری کو منگل کو ایک ورچول تقریب میں یہ سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے پانچ نمائندوں نے چار ماہ کے عمل کے دوران بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے اس دعوے کی تصدیق کی۔اس سے قبل یہ ریکارڈ بولیویا میں یوٹرنکو آتش فشاں تک ایک لنک روڈ بنانے کے لیے دیا گیا تھا۔آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل چودھری نے اس موقع پربتایا کہ اس سڑک کو بنانے کے لیے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور ملازمین نے اس چیلنج پر قابو پانے کے لیے منفی 40 ڈگری تک کم درجہ حرارت اور آکسیجن کی سطح معمول سے 50 فیصد کم میں کام کیا۔