باغی گروپ کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا ‘ ترنمول

   

اسپیکر لوک سبھا کو پارلیمانی پارٹی لیڈر ابھیشیک بنرجی کا مکتوب
کولکاتہ 14 جون ( ایجنسیز ) داخلی خلفشار کا شکار ترنمول کانگریس نے لوک سبھا اسپیکر مسٹر اوم برلا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے باغی گروپ کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا جو این ڈی اے کی تائید کے خواہاں ہیں کیونکہ مقننہ پارٹی نہیں بلکہ سیاسی پارٹی بڑی ہوتی ہے ۔ ترنمول کانگریس پارلیمانی پارٹی کے سربراہ ابھیشیک بنرجی نے مکتوب روانہ کرکے کہا کہ کل ہند ترنمول کانگریس کو ایک واحد سیاسی جماعت کے طور پر دیکھا جانا چاہئے جس کی نمائندگی ایوان میں خالصتا اس کے مجاز کردہ لیڈر اور وہپ کرتے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے کسی علیحدہ گروپ کو نہ تسلیم کیا جانا چاہئے اور نہ کوئی موقف دیا جانا چاہئے ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ آل انڈیا ترنمول کانگریس ایک واحد اور غیر منقسم سیاسی پارٹی ہے ۔ لوک سبھا میں مقننہ پارٹی سیاسی پارٹی کی شناخت سے ہی ہوتی ہے اور اسی سے برقرار رہتی ہے ۔ کوئی بھی رکن یا کچھ ارکان خود اپنی مرضی سے اسی پارٹی کا ایک علیحدہ گروپ نہیں بناسکتے اور نہ ہی ایوان میں آزادنہ حیثیت کا ادعا کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ترنمول کانگریس کے 20 ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر لوک سبھا کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اصرار کیا تھا کہ انہیں ترنمول کانگریس ہی میں ایک گروپ کے طور پر تسلیم کیا جائے ۔