ممبئی ۔ 18 اپریل (یو این آئی) ارشد وارثی کی پیدائش ایک مسلم گھرانے میں 19 اپریل 1968 کو ممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد کا نام احمد علی خان تھا۔ارشد 14 برس کی عمر میں یتیم ہوگئے تھے اور انہیں کم عمری میں ہی جدوجہد بھری زندگی کا آغاز کرنا پڑا۔ ارشد وارثی نے ابتدائی تعلیم ناسک کے بورڈ نگ اسکول سے حاصل کی لیکن گھر کے حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں تعلیم دسویں کلاس تک ہی محدود کرنا پڑی۔ مالی بحران کی وجہ سے ارشد کو بہت جلد 17 سال کی عمر میں ایک سیلز مین کے طور کام کرنا پڑا۔ اسی درمیان ان کی دلچسپی ڈانس کی طرف ہوئی۔ انہوں نے ڈانس کے شعبہ میں سخت محنت کی اور 1991 میں انڈین ڈانس مقابلہ کا خطاب بھی جیتا ۔اس کے بعد انہوں بالی ووڈ کا رخ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں جدوجہد شروعات کی ۔ انہیں اداکاری کرنے کا پہلا موقع امیتابھ بچن کی کمپنی کی فلم ’تیرے میرے سپنے‘ سے ملا لیکن وہ بالی ووڈ میں شناخت بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ کافی جدوجہد کے بعد وہ راجو ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم منا بھائی ایم بی بی ایس سے بالی ووڈ میں شناخت بنانے میں کامیاب ہوسکے ۔ اس فلم میں انہوں نے سرکٹ کا کردار ادا کیا تھا جو شائقین فلم بینوں کو آج بھی یاد ہے ۔ اس فلم میں وہ سنجے دت کے داہنے ہاتھ کے طورپر نظر آئے ۔ اس فلم میں سرکٹ کے رول کو اس قدر پسند کیا گیا کہ فلم ہٹ ہونے کے بعد ان پر لطیفے بھی بننے لگے ۔ اس کے بعد وہ پھر سے راجو ہیرانی کی اس فلم کے سیکوئل لگے رہو منا بھائی میں نظرآئے ۔ دونوں ہی فلموں کے لئے انہیں کئی انعامات سے نوازا کیا گیا۔ ارشد کی شادی ماریہ سے ہوئی ہے ۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے ۔