بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ کم کم کا انتقال

   

ممبئی۔ ہندی فلم انڈسٹری یعنی بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ کم کم کا گزشتہ روز ممبئی میں انتقال ہوگیا۔وہ 86 سال کی تھیں۔ فلمی دنیا میں انہیں سب سے پہلے اداکار و ہدایت کار گرودت نے فلم ’’آر پار‘‘ میں متعارف کیا تھا اور فلم میں ان پر فلمایا گیا گانا ’’کبھی آر کبھی پار لاگا تیر نظر‘‘ بہت مشہور ہوا تھا۔ انہوں نے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’’کوہ نور‘‘ میں بھی کام کیا تھا جس کا گانا ’’مدھوبن میں رادھیکا ناچے رے‘‘ کو کافی شہرت حاصل ہوئی۔ کم کم نے کشور کمار کے ساتھ بھی کئی فلموں میں کام کیا جن میں’’مسٹر ایکس اِن بامبے‘‘ بے حد مقبول ہوئی۔ کم کم کا اصل نام ’’زیب النساء‘‘ تھا۔ انہوں نے زائد از 100 فلموں میں کام کیا، جن میں آنکھیں، للکار، گنگا کی لہریں قابل ذکر ہیں جن میں ان کے ساتھ اپنے زمانے کے مشہور ہیروز راجندر کمار اور دھرمیندر نے کام کیا تھا۔ 1973ء میں آخری بار وہ فلم ’’ایک کنوارہ ایک کنواری‘‘ میں دیکھی گئیں۔ کم کم کی تدفین ممبئی کے مجگاؤں علاقہ میں واقعہ قبرستان میں عمل میں آئی۔