باوقار چندریان۔ 2 کی مدار میں کامیاب تنصیب

,

   

ہندوستان چاند کی سطح پر مہم روانہ کرنے والا چوتھا ملک

سری ہری کوٹہ ۔22 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی اولین قمری مہم چندرایان ۔ 2 آج کامیابی سے اپنے مدار میں نصب کردیا گیا ۔ اسے ملک کی انتہائی طاقتور گاڑی جی ایس ایل وی کے ذریعہ خلائی جہاز تک پہنچایا گیا تھا جس کے بعد وہاں سے اس نے پرواز کی تھی۔ اسے ستیش دھون خلائی مرکز سے دو بج کر 43 منٹ پر ابرآلود مطلع کے باوجود راکٹ جی ایس ایل وی ۔ ایم کے III ۔ ایم آئی کے ذریعہ جو 43.43 میٹر بلند تھا داغا گیا۔ تقریباً 16 منٹ بعد اسے کامیابی سے مدار میں نصب کردیا گیا ۔ قبل ازیں 15 جولائی کو اس کی پرواز ملتوی کردی گئی تھی جبکہ خلاء میں متحرک رکھنے والا ایندھن بھرا جاچکا تھا لیکن ٹکنیکی خرابی کی وجہ سے اسے خلا میں روانہ کرنے کا عمل ملتوی کردیا گیا تھا ۔ چاند کی سطح پر باوقار مہم چندرایان ۔ 2 کے اُترنے کے لئے تقریباً 45 دن لگیں گے ۔ اس کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے ۔ اس تصور کے قائم ہونے کے بعد اسرو نے اس باوقار چندرایان ۔ 2مہم کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ اسے اسرو نے انتہائی پیچیدہ عمل قرار دیا ہے ۔ اس مہم کی تکمیل پر ہندوستان چوتھا ملک ہوگا جو قمری سطح پر کامیابی سے اپنی مہم روانہ کرے گا ۔ قبل ازیں روس ، امریکہ اور چین نرم قمری سطح پر اپنی گھومنے والی گاڑیاں (ردورسی) اُتارچکے ہیں۔