باکرہ کا ریمارک : پروفیسر کیخلاف قانونی کارروائی زیرغور

   

کولکاتا 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پروفیسر کنک سرکار کو اُن کے ایک سوشیل میڈیا پوسٹ کی پاداش میں کیمپس میں داخلے سے منع کردینے کے دو روز بعد جادھو پور یونیورسٹی کے وائس چانسلر سرنجن داس نے کہا ہے کہ وہ اِس کیس میں قانونی کارروائی پر غور کررہے ہیں تاکہ ایسے واقعات کا دوبارہ اعادہ نہ ہونے پائے۔ یونیورسٹی کے انٹرنیشنل ریلیشنس ڈپارٹمنٹ سے وابستہ پروفیسر سرکار نے فیس بُک پوسٹ میں خواتین کے باکرہ پن کا تقابل کسی بوتل کے مہربند ہونے سے کیا تھا۔ اگرچہ اُنھوں نے یہ تبصرہ جلد ہی حذف کردیا لیکن اِس پوسٹ کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جس کے ساتھ ہی وسیع پیمانے پر برہمی اور مذمتی بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وائس چانسلر نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو گزشتہ روز بتایا تھا کہ پروفیسر کے خلاف یونیورسٹی کے قاعدے کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔