بجلی گرنے سے ایک خاندان پر غم کے پہاڑ

   

یلاریڈی میں دلسوز واقعہ، ایک بھائی ہلاک، دوسرا بھائی شدید زخمی
یلاریڈی : بجلی گرنے سے ایک خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ فصلوں کی نگرانی کرنے کی غرض سے گئے دو بھائیوں پر بجلی گرنے سے ایک ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ یہ دلسوز واقعہ یلاریڈی کے اڑوی لنگال علاقہ میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق تانڈا سے تعلق رکھنے والے دھناوت بالیا کو سمن اور ونئے کمار دو بیٹے ہیں۔ بڑا لڑکا انٹر مکمل کرلیا اور چھوٹا ساتویں جماعت مکمل کیا۔ بالیا اپنے کھیت میں ترکاری کی فصل کاشت کیا جسے روز بندر حملہ کرکے تباہ کررہے ہیں۔ ان بندروں سے ترکاریوں کو بچانے کی غرض سے دونوں بھائی مل کر ہفتہ کے دن کھیت میں فصلوں کی نگرانی کے لئے گئے۔ دوپہر کو گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہونے پر دو بھائی سمن اور ونئے کمار نیم کے درخت کے سائے میں چلے گئے۔ کچھ ہی دیر میں گھن گرج کے ساتھ درخت پر بجلی گری، جس سے ونئے کمار مقام حادثہ پر ہی ہلاک ہوگیا اور سمن شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ شدید زخمی کو یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ سب انسپکٹر شویتا نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کررہی ہے۔ اڑوی لنگال کے اس علاقہ میں عوام میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ گھن گرج بجلیوں کے ساتھ ہونے والی بارش میں درختوں کے نیچے سہارا لینے کے لئے کھڑا ہونا خطرہ سے خالی نہیں۔