بنڈی سنجے کا واضح موقف ، اسکیمات کا نام بدلنے پر فنڈس نہیں دیا جائے گا
حیدرآباد ۔27۔جنوری (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیمات کا نام تبدیل کئے بغیر ریاستی حکومتوں کو عمل کرنا چاہئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ مرکزی اسکیمات کے فنڈس مرکز کی جانب سے جاری کئے جاتے ہیں لیکن اسکیمات کو اندراماں نام کے ساتھ عمل کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ مرکزی حکومت راشن جاری کر رہی ہے ، اس پر ریاستی حکومت کی تصویر لگانا کہاں تک درست ہے۔ غریبوں کے مکانات کی تعمیر پر توجہ دینے کے بجائے کانگریس قائدین تشہیر پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے متعلق وضاحت طلب کی۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ کانگریس حکومت کو عوام کی بھلائی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت مرکزی اسکیمات کے نام تبدیل کرتے ہوئے عمل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسکیمات کا نام تبدیل کیا گیا تو مرکز فنڈس جاری نہیں کرے گا۔ پردھان منتری آواس یوجنا اور غریب کلیان یوجنا جیسی اسکیمات کے نام تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسکیمات کا بجٹ ریاست کا ہے تو پھر اندرا گاندھی ، اسامہ بن لادین اور داود ابراہیم کا نام رکھ لیں ، کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے مرکز اقدامات کر رہا ہے۔1