بحرۂ عرب میں طوفان ’فینگل‘ تمل ناڈو اور خلیج بنگال پر اثرانداز

   

کل اور پرسوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں موسلادھار بارش کا امکان

حیدرآباد۔24۔ نومبر(سیاست نیوز) بحرہ ٔ عرب میں پیدا ہونے والے طوفان ’فینگل ‘ کے اثرات تمل ناڈو کے علاوہ خلیج بنگال پر محسوس کئے جانے لگے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں ہندستان میں جنوبی ہند کی ریاستوں میں اس طوفان کے اثرات ریکارڈ کئے جاسکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ 26اور27 نومبر کو ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بیشتر علاقوں میں طوفان کے اثرات کے نتیجہ میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں لیکن خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے نتیجہ میں دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی مطلع ابرآلود ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ ہندستانی محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران تمل ناڈو کی سرحد سے طوفان کے ٹکرانے کے نتیجہ میں ریاست تمل ناڈو کے مختلف مقامات پرموسلادھار بارش ریکارڈ کی جائے گی ۔ تلنگانہ و آندھراپردیش کے اضلاع میں آئندہ دویوم کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو مزید 2یوم جاری رہے گا۔3