مناما : مشرق وسطی کیلئے اعلی امریکی سفارتکار نے بتایا کہ بحرین اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات جو 2016 سے منقطع تھے، امکان ہے کہ جلد ہی دوبارہ بحال ہو جائیں گے۔ بحرین کے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے امکان پر امریکی اسسٹنٹ سکریٹری برائے ریاست مشرقی امور باربرا لیف نے قانون سازوں کو بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ جلد ہی ہوگا۔دونوں ملکوں کے تعلقات 2016 میں اس وقت منقطع ہوگئے تھے جب تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملہ ہونے کے بعد سعودی عرب نے ایران کے ساتھ تعلقات ختم کیے۔سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ وہ سفارتی تعلقات بحال کریں گے اور ایران نے 6 جون کو ریاض میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا۔