بحرین اور امارات سے تعلقات فائدہ مند :اسرائیل

   

یروشلم : اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینت نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ تعلقات کے نتیجے میں ہم نے بہت سے ثمرات حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ معاہدے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں مزید کہا کہ تل ابیب ایک مستحکم مشرق وسطیٰ کی تلاش میں امن معاہدوں پر عمل جاری رکھے گا۔انہوں نے زور دیا کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ طے پانے والے اسٹریٹجک معاہدوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں اور امریکی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا ، جنہوں نے معاہدوں کو کامیاب بنانے کے لیے کام کیا۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال اسرائیل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کیا تھا ، جس کے بعد بحرین ، سوڈان اور آخر میں مراکش نے بھی اسرائیل سے امن معاہدے کیے تھے۔امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا کہ عرب ریاستوں کے ساتھ اسرائیلی مراسم سے اقتصادی مواقع پیدا ہوئے۔ واشنگٹن حکومت اس سلسلے میں تل ابیب اور عرب ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ اسرائیل کے ساتھ طے پائے تعاون کے معاہدوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر بلنکن نے اماراتی، بحرینی، مراکشی اور اسرائیلی ہم منصبوں سے ملاقات بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان معاہدے امریکا اور پورے خطے کے مفاد میں ہیں۔ یہ امن معاہدے نئے معاشی مواقع پیدا کرنے کا باعث بنے۔ ان معاہدوں کے نتائج اور اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات گہرے ہوتے جارہے ہیں اور ان کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات فروغ پارہے ہیں۔