کواڈ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ‘ ساری توجہ چین پرمرکوز
ٹوکیو‘امریکہ، جاپان، آسٹریلیا اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے پیر کے روز بیجنگ کی درپردہ سرزنش کرتے ہوئے، بحیرہ جنوبی چین کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ کواڈ گروپ نے آزاد اور کھلے بحرالکاہل کا مطالبہ کیا۔ امریکہ، جاپان، آسٹریلیا اور ہندوستان پر مشتمل کواڈ گروپ نے حالیہ برسوں میں ہند بحرالکاہل میں چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں کافی اہمیت حاصل کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور کواڈ گروپ میں شامل ان کے دیگر ہم منصبوں نے پیر کے روز ٹوکیو میں مذاکرات کے بعد ایک آزاد اور کھلے بحرالکاہل کا مطالبہ کیا۔ گروپ نے اپنے بیان میں براہ راست چین کا نام تو نہیں لیا تاہم متنازعہہ جنوبی بحیرہ چین میں چینی اور فلپائنی جہازوں کے درمیان حالیہ تصادم کے سلسلوں کا حوالہ دیا گیا۔ گروپ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہمیں مشرقی اور جنوبی بحیرہ چین کی صورت حال پر گہری تشویش ہے اور ہم کسی بھی ایسے یکطرفہ اقدامات کے خلاف اپنی سخت مخالفت کا اعادہ کرتے ہیں، جو طاقت یا جبر کے ذریعہ صورتحال کو تبدیل کرتے ہوں۔ اس میں مزید کہا گیا کہ ہم متنازعہ علاقہ میں عسکری پہلو اور جنوبی بحیرہ چین میں زبردستی اور دھمکی آمیز ہتھکنڈوں کے بارے میں اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ گروپ نے شمالی کوریا کے غیر مستحکم میزائل لانچوں کی بھی مذمت کی۔