بدانتظامی کے سبب مہوتسوملتوی، نروتم مشرا کی پنڈت پردیپ مشرا سے بات چیت

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے ضلع سیہورمیں نامور راوی پنڈت پردیپ مشرا کے زیر اہتمام شیو مہاپوران اور رودراکش مہوتسو کے ملتوی ہونے کے معاملے کے طول پکڑنے کے بعد آج ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے پنڈت پردیپ مشرا سے فون پر بات کی۔ ڈاکٹر مشرا نے ویڈیو کال کے ذریعے پنڈت پردیپ مشرا سے بات چیت کرتے ہوئے ان سے آج اس علاقے کے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس دوران ڈاکٹر مشرا نے پنڈت پردیپ مشرا سے آشیرواد کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کوسلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جیسے سنتوں کی مہربانی سے حکومت چل رہی ہے۔ بھوپال اندور ہائی وے پر سیہور کے قریب چتاولیہ میں آج سے پنڈت پردیپ مشرا کی طرف سے سات روزہ پروگرام کا انعقاد کیا جانا تھا۔ قبل ازیں کل لاکھوں عقیدت مندوں کی آمد کی وجہ سے ریاست کی اس انتہائی اہم سڑک پر تقریباً 40 کلومیٹر طویل جام لگ گیا۔ صورتحال ایسی بن گئی کہ کئی مقامات پر ٹریفک کا رخ موڑنا پڑا۔ لوگ رات گئے تک جام میں پھنسے رہے ۔