برائے کرم ترک ایکٹرس کی جان بخش دیں:اداکارہ سونیا حسین

   

کراچی: لالی ووڈ ایکٹریس سونیا حسین نے سوشل میڈیا پرترک فنکاروں کے حوالے سے جاری بحث سے تنگ آکراپیل کی ہے کہ مہربانی کرکے ترک فنکاروں کی جان بخش دیں۔جب سے ترکی کا مشہور ڈرامہ ’’ارطغرل غازی‘‘ پاکستان میں نشرہوا ہے، پاکستانی عوام اورکچھ فنکار دو حصوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ جہاں تقریباً تمام پاکستانی ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پاکستانی ٹی وی پر نشر کرنے سے بے حد خوش ہیں، وہیں یاسر حسین، ڑالے سرحدی، شان اور ہدایت کارسید نوراس ڈرامے کو پی ٹی وی پر دکھائے جانے کے سخت مخالف ہیں۔پچھلے کچھ مہینوں سے پاکستانی سوشل میڈیا پرارطغرل کے حامیوں اورمخالفین کے درمیان ایک جنگ سی چل رہی ہے جس میں یاسر حسین پیش پیش ہیں اورکھل کر ترک ڈرامے کی مخالفت کررہے ہیں۔ حال ہی میں وی جے انوشے اشرف اوریاسر حسین کے درمیان اسی موضوع کو لے کراچھی خاصی بحث ہوچکی ہے۔اداکار سونیا حسین سوشل میڈیا پرجاری بحث سے تنگ آچکی ہیں اورانہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں اس بحث سے متعلق لکھا ’’مہربانی کرکے جان بخش دیں ترکش اداکاروں اوراپنے اداکاروں کی بھی۔ تعریف کرنا سیکھیں، نیچا دکھانا نہیں، نرمی اختیارکریں اورمحبت سے بات کریں۔‘‘ اس خوبصورت بات کے ساتھ سونیا حسین نے ایک ایموجی بھی اپنی اسٹوری میں استعمال کیا جس میں دونوں ہاتھ آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔